آزاد کشمیرالیکشن کا دوسرا مرحلہ، 21 نشستوں پرپولنگ کا عمل شروع
آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں انتخابی دنگل سج گیا، 21 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہوگیا ہے جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ کاسٹ کئے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار مد مقابل ہیں۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، ووٹنگ کے عمل کیلئے 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 3 انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کیلئے 8 سکیورٹی اہلکار، حساس کیلئے 6 اور نارمل پولنگ سٹیشنز کیلئے 4 اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 جماعتیں اور ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز، ضلع نیلم کی 2 نشستوں کیلئے ایک لاکھ 51 ہزار 911 ووٹرز، جبکہ جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز سے حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے، اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کریں، پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
