کشمیری عوام کو وہی حقوق دلوانا چاہتا ہوں، جو ہر پاکستانی کو حاصل : بلاول بھٹو
پاکستان کے جن اداروں میں کشمیر کے پانی، بجلی ،بجٹ کے فیصلے ہوتے ہیں، وہاں کشمیر کی اپنی کرسی اپنی آواز ہو خط کا جواب موصول ، کالعدم ایکشن کمیٹی نے مجوزہ کمیشن کیلئے آمادگی ظاہرکی، اس پر مشاورت کرینگے ، پی پی چیئرمین

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کی حکومت اور مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے اور انہیں وہ تمام حقوق ملنے چا ہئیں جو ہر پاکستانی شہری کو حاصل ہیں ، ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں کشمیر ی عوام کو وہی حقوق دلوانا چاہتا ہوں جو ہر پاکستانی شہری کو حاصل ہیں،حقِ حاکمیت کا مطلب یہ ہے کہ عوام کا ووٹ ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے اور کشمیر کے پانی، بجلی اور بجٹ سے متعلق فیصلوں میں بھی کشمیری عوام کی مؤثر نمائندگی اور آواز موجود ہو۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ترقی کے ساتھ اختیار، انصاف اور روزگار بھی چاہیے ،میں کشمیر کے لئے ہر بس، ہر روڈ، ہر سکول اور ہر ہسپتال کے قیام کا خیرمقدم کرتا ہوں ،مگر کشمیر کا ووٹ کسی تحفے کی قیمت نہیں ہوسکتا ، اس لئے عوام آج تیر پر مہر لگا کر اپنے حقوق اور حقِ حاکمیت کے حق میں فیصلہ دیں ، دریں اثنا بلاول نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے خط کا جواب تجاویز کے ساتھ موصول ہو گیا ، جس میں ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس تجویز کا تفصیلی جائزہ لیں گے ، جبکہ ان کی اولین ترجیح موجودہ بحران کا خاتمہ، عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور آزاد جموں و کشمیر میں معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی ہے ۔ انہوں نے اس امر کا خیرمقدم کیا کہ مجوزہ کمیشن کو آگے بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی گئی ،آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی اس کی توثیق کر چکی ، بلاول نے کہا کہ وہ اس معاملے پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم، وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت کریں گے تاکہ متفقہ بنیادوں پر اس تجویز کو آگے بڑھایا جا سکے ۔
