حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن، 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ پہلے 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 124 افراد نے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی۔

حکام کے مطابق آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے آغاز کے بعد پہلے 24 گھنٹوں میں 30 ہزار سے زائد صارفین نے اپنے یوزر اکاؤنٹس بھی بنا لیے ہیں، جس سے عازمین کی بھرپور دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیموں کے تحت حج ادا کرنے کے خواہش مند تمام افراد کے لیے لازمی قرار دی گئی ہے، حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ تشکیل دیں تاکہ آئندہ مراحل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے میں درخواست گزار کے پاس ڈیجیٹل تصویر، قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کا ہونا ضروری ہے، جبکہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کی شرط اگلے مرحلے میں لازمی ہوگی۔
