اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی توخاموش نہیں رہیں گے: حزب اللہ
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کا جواب اسی انداز میں دیا جائے گا۔

ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے کہا ہے کہ حزب اللہ اب ماضی کی صورتحال میں واپس نہیں جائے گی جب اسرائیلی فوج تقریباً روزانہ لبنان میں حملے کرتی تھی جبکہ حزب اللہ جنگ بندی کے احترام میں تحمل کا مظاہرہ کر رہی تھی۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ مکمل طور پر چوکس ہے اور ہر قسم کی ممکنہ خلاف ورزی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، تنظیم کے جنگجو ہر وقت تیار حالت میں ہیں اور اسرائیلی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حزب اللہ رہنما کا کہنا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے اسی نوعیت کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم دونوں جانب سے ایک دوسرے پر خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
