اسلام کی غلط تشریح کرنے والوں کے آگے نہیں جھکیں گے ، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے تاریخی خطاب کیا ہےاور دشمنوں کے ناپاک عزائم ایک مرتبہ پھر خاک میں ملا دیئے ہیں ۔ فیلڈ مارشل نے جہاں ملکی سکیورٹی کا تذکرہ کیا وہیں دشمن کو یہ واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان کی فوج وطن کے چپے چپے کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ دوران خطاب انہوں نے کہا کہ روایتی میدان میں جیت کی طرح ہمارے پڑوسی کی ہر ریاستی پراکسی کو خاک میں ملا دیا جائے گا، ہم اسلام کی غلط تشریح کرنے والے مٹھی بھر گمراہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ یہ جملہ اس قدر اہم تھا جس سے یہ واضح ہو گیا کہ پاک فوج کی سمت بالکل واضح ہے ۔ ملک کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے بات نہیں ہوسکتی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے اب تک، افواجِ پاکستان نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ، وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حالیہ آپریشن معرکۂ حق/ بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم سے دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزیدمستحکم کیا ہے۔ ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیاروں کو مار گرایا گیا،دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس-400 سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا اور پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیرنے بھارتی ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ایک ایسے دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی جو اپنی گمراہ کن بالادستی کے غرور میں مبتلا تھا۔ بھارت نے جلد بازی میں الزام تراشی کی اورغیر جانبدارانہ تحقیقات سے گریز کیا، بھارت کا خود ساختہ شواہد پیش کرنا اس بات کی علامت ہے کہ بھارتی حکمران جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دیا۔پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح کی بدولت نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ عالمی برادری کا وقار اور داد حاصل کی، نوجوانوں میں یہ اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔
