کوئٹہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے گیٹ پر خود کش حملہ ، 10 شہری شہید
کوئٹہ:ایف سی ہیڈکوارٹرپرخودکش حملے میں 10 شہری شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خوجک روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا ہوا ۔ اس حملے میں عام شہری نشانہ بنے ہیں ۔ دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 خواتین زخمی ہیں ۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا راستہ روکا ۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی سو فٹ دور تک عمارتوں کے شیشے اور کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
حملہ آوروں نے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے سازش ناکام بنا دی۔صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے سول اسپتال کوئٹہ سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 10 افراد شہید ہوئے ہیں ۔ جن میں 4 خواتین شامل ہیں جب کہ 30 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے
