پاک سعودیہ معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاک سعودیہ معاہدہ صرف دفاع کے لئے ہے کسی بھی تیسرے ملک کے لئے نہیں ہے ۔ یہ معاہدہ خطے میں استحکام لانے کا باعث بنے گا۔ میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم رکھتی ہے ۔
اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دہائیوں پر مشتمل مضبوط شراکت داری کو باضابطہ شکل دیتا ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے اور مشترکہ سلامتی کو یقینی بنائے گا۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 1960 کی دہائی سے دفاعی تعاون پاکستان سعودی تعلقات کا بنیادی ستون رہا ہے، اسی سلسلے کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان اور ولی عہد سعودی عرب نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
