عمران خان کا اپنے ٹویٹر اکاؤنٹس کے ہینڈلرز کی معلومات دینے سے انکار
راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ کون استعمال کررہا ہے؟ ایف آئی اے ٹیم معلوم کرنے اڈیالہ جیل پہنچ گئی تاہم عمران خان نے معلومات دینے سے انکار کر دیا۔عمران خان کے اکاؤنٹ سے ریاست مخالف مواد پوسٹ ہونے کے معاملےمیں ایف آئی اے سائبر کرائمز نے تحقیقات شروع کی ہیں مگرفی الوقت تحقیقات میں کوئی کامیابی نہیں ملی کیونکہ عمران خان نے انکارکردیا ہے ۔
ایف آئی اے سائبر کرائمز کی تین رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی اور عمران خان سے ملاقات کرکے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی۔ سائبر کرائمز ٹیم کی قیادت ایاز خان نے کی۔ ٹیم نے سوالات کیے کہ آپ کا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے؟ کہاں سے استعمال کیا جاتا ہے؟ آپ نے ایکس اکاؤنٹ کا ایکسیس کس کو دیا ہوا ہے؟ آپ کے ایکس اکاؤنٹ سے جو چیزیں پوسٹ ہوتی ہیں کیا آپ کو علم ہے وہ ریاست کے مخالف ہوتی ہیں؟ان سوالات کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ وہ یہ معلومات نہیں دیں گے ۔
