دوحہ میں حماس کے اجلاس پر اسرائیلی حملے میں شہید افراد سپرد خاک
دوحہ : قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے اجلاس پر اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید افراد کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ دوحہ کی مرکزی جامع مسجد مں ادا کی گئی جس میں امیرِ قطر سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات، متاثرہ خاندانوں کے افراد اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کے بعد شہریوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ قطری حکام نے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والوں کی شناخت مکمل کرلی گئی اور ان کی تدفین مختلف مقامی قبرستانوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جارہی ہے۔ شہید ہونے والوں میں حماس کے اعلیٰ ترین رہنما الخلیل الحیا کے بیٹے ھمام، الخلیل الحیا کے دفتر کے انچارج جہاد لبد اور 3 باڈی گارڈز عبد اللہ عبدالواحد، مومن حسنون، اور احمد المملوک شامل ہیں۔
