جلاؤ گھیراؤ کیس میں شاہ محمود بری ، یاسمین راشد سمیت 4سینئر رہنماؤں کو سزا
لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے اعلیٰ عدلیہ کے جج کے اسکواڈ میں شامل گاڑی جلانے کے کیس میں یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے چار دیگر سینئر رہنماؤں کو 10 سال اور ایک خاتون رہنما کو 5 سال قید کی سزا سنادی جبکہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا گیا ہے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9 مئی احتجاج کے دوران اعلیٰ عدلیہ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کو موجودگی ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا ہے ۔
سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔ خدیجہ شاہ کو بھی 5 سال قید کی سزا سنا دی ہے جبکہ روبینہ جمیل اور افشاں طارق کو بری کر دیا ہے۔لاہور میں تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمہ نمبر 109/23 میں کل 51 ملزمان کا چالان پیش کیا گیا اور عدالت نے مجموعی طور پر 39 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا۔
