دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب
ساہیوال، ملتان : بھارت کی جانب سے دریاؤں میں چھوڑے گئے اضافی پانی نے جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے ۔ دریائے ستلج، راوی اور چناب میں شدید طغیانی کے باعث کئی بند ٹوٹ گئے اور درجنوں دیہات ملیا میٹ ہوئے ہیں ۔ بھارت نے دریائے ستلج میں ایک بار پھر پانی چھوڑنے سے متعلق پاکستان کو بھی اطلاع دے دی ہے ۔ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے آگاہ کرنے پر وزارت آبی وسائل نے الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروزپور کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے ۔
ستلج پرگنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب نے ہولناک شکل اختیار کر لی ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔سلیمانکی اور اسلام ہیڈورکس پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں بہاولپور کی چار تحصیلوں کے ندی نالے اور قریبی علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ دریائے راوی میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ ہیڈ سدھنائی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ہیڈ بلوکی پر پانی کی آمد 1 لاکھ 38 ہزار 760 کیوسک سے تجاوز کر چکی اسی طرح دریائے چناب میں بھی خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے قریب پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ہے۔
