پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارش، مشکلات بڑھ گئیں
لاہور : پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں موسلادھار بارش سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔ پہلے سے ڈوبے علاقوں میں پانی مزید آگیا ہے جس سے ہر طرف مسائل جنم لے رہے ہیں ۔ لاہور، چنیوٹ، وزیر آباد ،گجرات، ننکانہ صاحب اور نارووال میں نشیبی علاقے زیر آب ہیں ۔ جہلم میں ندی نالے بھپر گئے ہیں جس سے سیلابی کیفیت ہے ۔ اسی طرح لاہور میں چوہنگ میں سیلابی پانی موجود ہے ۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اب بھی پانی کھڑا جس سے مقامی افراد کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ علاقوں میں رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں ۔
پھول نگر سرائے مغل اور نواحی علاقوں میں بد ترین سیلابی صورتحال دیکھی گئی ہے ۔ راوی میں بلوکی اور دریائےستلج میں گنڈاسنگھ والا کےمقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ۔ دریائے چناب پر 1169، دریائے راوی پر 478 اور دریائے ستلج پر 391 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے چناب کا سیلابی ریلا سیالکوٹ، وزیر آباد اور چنیوٹ میں تباہی مچانے کے بعد جھنگ میں داخل ہوچکاہے ۔ سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ ملتان میں سیلاب سے تحصیل شجاع آباد کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا، 140 دیہات پانی سے متاثر ہوئے۔ اسی طرح دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ پر پانی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے مگر بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ نارووال میں نہر ایم آر لنک کا بند ٹوٹ گیا، نہری پانی قریبی گاؤں میں داخل ہوگیا۔ اس علاقے میں بیس کے قریب دیہات متاثر ہوئے ہیں ۔