ملک میں طوفانی بارشوں کا نیا الرٹ جاری
لاہور:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں کل سے دو ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس پر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 30 اور 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ شمالی اضلاع میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاالدین شامل ہیں۔ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،خیبر پختونخوا میں 29 تا 31 اگست کے دوران شدید بارشیں ہوں گی، ملاکنڈ و ہزارہ ڈویژن میں لینڈسلائیڈنگ ہو سکتی ہے ۔ کے پی اضلاع میں چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں شامل ہیں۔