فیلڈ مارشل سے ملاقات کے خوف سے مودی نے ٹرمپ کی عشائیہ کی دعوت قبول نہیں کی ، بلوم برگ
واشنگٹن : معروف امریکی جریدے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کے خدشے کے پیش نظر امریکی صدر کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق سترہ جون کو امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم مودی کو عشائیے پر مدعو کیا تھا تاہم مودی نے معذرت کرلی تھی ۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے عالمی جریدے نے کہا ہے کہ مودی کو اندیشہ تھا کہ امریکی صدر ممکنہ طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مودی سے ملاقات کرا سکتے ہیں جبکہ بھارتی وزیراعظم اس ملاقات سے ہچکچا رہے تھے ۔
اسی روز مودی اور امریکی صدر کے درمیان 45 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ۔ انہی حالات کی وجہ سے دونوں رہنماؤں میں تناؤ پروان چڑھتا رہا جس پر ٹرمپ نے بھارت مخالف بیانات دینا شروع کر دیئے ۔ بلوم برگ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو “مردہ” قراردیا جوکہ اسی سرد مہری کا شاخسانہ تھا۔ بعد ازاں انہوں نے بھارت پر پچاس فیصد تک ٹیرف بڑھا دیا جس کا سترہ اگست سے اطلاق ہو رہا ہے ۔
