ماڈل عبیر افتخار کے شوہر کو برطانیہ میں 15ماہ قید کی سزا
لندن : معروف سابق ماڈل عبیر افتخار کے شوہر سلمان افتخار کو برطانیہ کی عدالت نے 15 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین سلمان افتخارپرالزام تھا کہ انہوں نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے لاہورجانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کے دوران ایک ائیر ہوسٹس کوہراساں کیا ۔مبینہ طور پر وہ فضائی سفر کے دوران نشے کی حالت میں تھے اور اپنی پہلی بیوی اورتین بچوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔پرواز کے دوران سلمان نے ائیر ہوسٹس کو نہ صرف ہراساں کیا بلکہ اسے اجتماعی زیادتی کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ وہ اس کا جسم آگ لگا کر جلا دیں گے۔
اس واقعے کے بعد متاثرہ خاتون شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہوئی۔واضح رہے کہ سلمان افتخار برطانیہ میں دو ملین پاؤنڈ کے عالیشان گھر میں اپنی پہلی بیوی اور بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ پانچ سال قبل انہوں نے پاکستانی ماڈل عبیر افتخار سے دوسری شادی کی تھی جس کے بعد عبیر نے ماڈلنگ کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔
