سعودی عرب کے “سلیپنگ پرنس” بیس سال کومے میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے
ریاض : سعودی عرب کے شہزادہ الولید بن خالد بن طلال بن عبدالعزیز 20 سال تک کومے میں رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی کورٹ سے جاری بیان میں شہزادہ الولید بن الخالد بن طلال بن عبدالعزیز کے انتقال کی خبر دی گئی ۔ شہزادہ الولید کی نماز جنازہ دارالحکومت ریاض میں اداکر دی گئی ۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ‘سلیپنگ پرنس’ 20 سال قبل 2005 میں ایک بدترین ٹریفک حادثے میں زخمی ہو کر کومے میں چلے گئے تھے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر الولید کے والد شہزادہ خالد بن طلال نے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان کے ساتھ اور گہرے رنج و غم کے ساتھ ہم اپنے پیارے بیٹے شہزادے الولید کے انتقال کی خبر دیتے ہیں ۔ اللہ ان کے درجات بلند کرے ۔