باپ نے آخر کار قبول کر لیا، اداکارہ حمیرا اصغر کی لاہور میں تدفین
کراچی ، لاہور( سونیا خان ) کراچی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں ماڈل و اداکارہ 42 سالہ حمیرا اصغر کو اہل خانہ نے آخر کار قبول کرلیا ۔ ان کی لاہور میں تدفین کر دی گئی ۔ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کو ان کے بھائی اور بہنوئی کراچی سے لاہور لائے جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کے بلاک ’کیو‘ کے قبرستان میں لایا گیا اور نماز جنازہ کے بعد وہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ کے موقع پر اداکارہ کے اہل خانہ اور چند قریبی افراد موجود تھے ۔ نماز جنازہ کے بعد اداکارہ کے والد نے مختصراً اور چچا نے میڈیا سے تفصیلی گفتگو بھی کی۔ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس سے ان کے فلیٹ سے ملی تھی جہاں وہ 2018 سے کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں۔
اداکارہ کا ستمبر 2024 سے کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا اور مالک مکان نے بھی فلیٹ خالی کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔ بیلف مکان کا قبضہ لینے پہنچا تو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا جس کے بعد ان کی لاش برآمد ہوئی ۔