کھیل

برائن لارا کا 400رنز کا ریکارڈ توڑنے کے بجائے اننگز ڈکلیئر کیوں ؟

بلاوائیو : جنوبی افریقا کے کپتان ویان ملڈر نے ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹر برائن لارا کا چار سو رنز کا تاریخی ریکارڈ نہ توڑنے کی وجہ بتا کر سب کو حیران کر دیا۔ کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر سابق کپتان اور کمنٹیٹر شان پولاک سے گفتگو میں ملڈر نے کہا کہ برائن لارا ایک لیجنڈ ہیں۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ لیجنڈ لارا نے انگلینڈ کے خلاف 400 رنز کی اننگز کھیلی تھی، میں چاہتا تھا کہ یہ ریکارڈ انہی کے پاس رہے۔ اگر دوبارہ ایسا موقع ملا تب بھی میں یہی کروں گا کیونکہ لارا کا کوئی جوڑ نہیں ۔ 27 سالہ ویان ملڈر نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ اننگز بے حد خاص تھی، خوشی ہے کہ یہ ٹیم کے کام آئی۔ میں نے کوچ سے بات کی اور کہا کہ کچھ ریکارڈز لیجنڈز کے پاس ہی رہنے چاہئیں، لارا کا ریکارڈ بھی ایسا ہی ہے۔ملڈر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کبھی ڈبل سنچری کا بھی خواب نہیں دیکھا تھا۔ ٹرپل سنچری تو بہت دور کی بات تھی ۔ بلاوایو میں جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کھیل کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز 626 رنز 5 وکٹ کے نقصان پر ڈکلیئر کردی تھی۔ جس پر سب حیران رہ گئے تھے کیونکہ جنوبی افریقا کی طرف سے کپتان ویان ملڈر 367 رنز اور کائلے ویریئن 42 رنز کے ساتھ کریز پر تھے، جنوبی افریقا کا مجموعی اسکور 626 رنز تھا۔ شائقین انتظار کر رہے تھے کہ جنوبی افریقہ کپتان برائن لارا کا ریکارڈ توڑنے والے ہیں اور محض 33رنز دور ہیں مگر اچانک اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا جس کے بعد برائن لارا کا ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا۔

واضح رہے کہ برائن لارا نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 400 رنز بنائے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *