شہر قائد میں پانچ منزلہ عمارت زمیں بوس ،7افراد جاں بحق
کراچی : شہر قائد میں ایک اور عمارت زمین بوس ہو گئی ۔ ملبے تلے کئی افراد دب گئے سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ۔ متصل عمارتیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں واقع النوید ہوٹل کے قریب 5 منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمیں بوس ہوئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع ہو گئیں ۔
گرنے والی عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ تنگ گلیوں اور راستوں کی بندش کے باعث ہیوی مشینری کو جائے وقوع تک پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ملبے سے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مقامی لوگ بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ 2 منزلہ عمارت کو بھی خالی کرالیا گیا ہے جب کہ دیگر ملحقہ عمارتوں کو بھی ممکنہ نقصان کے پیش نظر خطرے میں تصور کیا جا رہا ہے۔ سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر میں لائی گئی ایک 40 سالہ شدید زخمی خاتون کے جسم پر کئی فریکچر اور زخم پائے گئے ہیں۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری، مربوط اور مؤثر امدادی کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔