اوکاڑہ میں طوفانی بارش، سڑک اور قریبی زمین بیٹھ گئی
اوکاڑہ( خالد مرزا ، نمائندہ 89نیوز ) اوکاڑہ میں بارش نے تباہی مچا دی ۔ حیرت انگیز طور پر زمین کا بڑا ٹکڑا بیٹھ گیا جس سے لوگوں میں خوف پھیل گیا۔ طوفانی بارش کے بعد جی ٹی روڈ چونگی نمبر سات پر بارش کا پانی کھڑا رہا جس سے زمین کمزور ہو کر بیٹھ گئی ۔ ایک مسافر بس زمین پر دھنس گئی جسے ڈرائیورز نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے کی کوشش کی مگر کوئی بھی تدبیر کام نہ آئی ۔ واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، بس اور ہیوی ٹرک اور ڈمپر جیسے ہی سڑک کے اس حصے سے گزری جہاں بارش کا پانی جمع تھا، زمین دھنس گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال بس کو نکالنے کیلئے کوئی امدادی ٹیمیں موقع پر نہ پہنچ سکیں۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔