نازیبا ویڈیوزسےخواتین کو بلیک میل کرنے والا ملزم سعودی عرب سے گرفتار
حافظ آباد : نازیبا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا ملزم سعودی عرب سے گرفتارکر لیا گیا۔ تھانہ صدر حافظ آباد میں متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا جس میں ملزم فیضان ولد ریاست علی سکنہ مانگٹ نیچا کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو ورغلا کر نازیبا ویڈیوز بنانے پر مجبور کیاگیا۔ بعد ازاں ان ویڈیوز کو استعمال کرتے ہوئے خاتون کو مسلسل بلیک میل کرتا رہا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کر دیا۔
واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ صدر کو ملزم کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک سونپا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر حافظ آباد نے جدید تفتیشی طریقہ کار، ڈیجیٹل شواہد اور بین الاقوامی انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے ملزم کا سراغ سعودی عرب میں لگایا۔ تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے وطن واپس لایا گیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈی پی او حافظ آباد نے کہا کہ خواتین کو ورغلا کر ان کی عزت کو پامال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
