خضدار میں سکول وین پر خود کش حملہ ، 3بچوں سمیت پانچ شہید
خضدار : بلوچستان کے شہر خضدار میں بچوں کو اسکول لے جانے والی ایک بس پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور اڑتیس زخمی ہو گئے ۔ دہشت گردی کا حالیہ واقعہ خضدار زیرو پوائنٹ پر پیش آیاجہاں ایک سکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جارہی تھی کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد بس میں آگ لگ گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور گھات لگائے بیٹھا تھا۔ بس کے قریب آتے ہی دھماکا کر دیا۔ ہسپتال میں زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔
