خاص خبریں

پانی روکا تو جنگی اقدام تصور ہوگا،سلامتی کمیٹی کا بھارت کو منہ توڑ جواب

اسلام آباد : پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی آبی جارحیت اور دیگر اقدامات کا بھرپور جواب دینے کا بڑا اعلان سامنے آگیا  ہے ۔  قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا ہےکہ اگر پاکستانی ملکیت کے پانی کا بہاؤ روکا گیا تو اسے جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول اور عسکری قیادت شریک ہوئیں ۔

اجلاس میں پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پیدا ہونےوالی ملکی داخلی و خارجی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے اور 24کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، پاکستان اپنی لائف لائن کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، پاکستان کی ملکیت کے پانی کا بہاؤ روکا گیا یا پانی کا بہاؤ موڑا گیا تو اس کو اس جنگ کا اقدام سمجھا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ شملہ معاہدے سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کو معطل کرنےکاحق رکھتا ہے، پاکستان اس وقت تک دوطرفہ معاہدے معطل کرنے کا حق رکھتا ہےجب تک بھارت پاکستان میں دہشت گردی سے باز نہیں آجاتا۔ بڑے فیصلوں کی رو سے واہگہ بارڈر کے راستے سے بھارت سے تمام زمینی آمد و رفت معطل ہوگی، بھارتی شہریوں کو دیے گئے سارک ویزا استثنیٰ اسکیم کے ویزے معطل اور منسوخ کیے جارہے ہیں، اس اسکیم کے تحت پاکستان میں موجود سکھ مذہبی یاتریوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *