کمسن بچیوں کو ملازمت کا جھانسا دے کر غیر اخلاقی سرگرمیوں کا انکشاف
راولپنڈی : راولپنڈی میں کمسن بچیوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر شرمناک دھندے کا انکشاف ہوا ہے ۔ دھمیال پولیس نے چھاپہ مار کر دھندے میں ملوث میاں، بیوی اور بیٹے کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ چودہ سال کی ہے اور کوٹ ادو کی رہائشی ہے ۔ عامر عباس اور اسکی اہلیہ ثمینہ اپنی ساتھی فرازنہ کے ہمراہ ہمارے گھر آئے اور والدین سے کہا کہ ہم لوگوں کے گھروں میں کام کاج کرنے والے بچیوں کو ملازمت دلواتےہیں ۔ اچھی تنخواہ کا جھانسا دے کریہ لوگ مجھے گرجا روڈ راولپنڈی لے آئے اور یہاں مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ لڑکی نے بتایا کہ ملزموں نے اس کی ویڈیو بھی بنائی اور بلیک میل کرتے رہے کہ اگر کچھ بولی تو تمہاری ویڈیو گھر والوں کو بھجوا دیں گے ۔ متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی یا انکا بیٹا زمان مختلف جگہوں پر اسے لے جاتےتھے اور رقم وصول کرتے تھے ۔ ایس ایچ او تھانہ دھمیال سلیم قریشی کے مطابق بچوں کو بلیک میل کیا جا رہا تھا۔ چھاپہ مار کر متاثرہ بچیوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق عامر عباس، اسکی اہلیہ اور تیسرے ملزم زمان کوگرفتار کرنے کے بعد تفتیش جاری ہے ۔
