خاص خبریںعالمی خبریں

میانمار میں 7.7شدت زلزلے کے بعد آفٹر شاکس جاری

بینکاک : میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے ۔ زلزلے کے بعد لاکھوں افراد نے رات کھلے آسمان تلے گزاری ۔ ہولناک زلزلے سے بنکاک بھی دہل گیا۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے قریب تھا اور جس کی گہرائی زمین میں محض دس کلومیٹر تک تھی۔ متعدد رہائشی عمارتیں  ملبے کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں ، ملبے تلے لاشوں کی تلاش جاری ہے ۔ زندگی کے امکانات معدوم ہو رہے ہیں ۔ شہرکا انفراسکچر بری طرح تباہ ہو گیا ہے۔ میانمارکی فوجی حکومت نےچھ علاقوں میں ایمرجنسی نافذکی ہے اور عالمی برادری سےامداد بھی مانگی ہے ۔ زلزلے میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 نمازی جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے ۔ اسی طرح مندروں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ہلاکتوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ تعداد دس ہزار بھی ہو سکتی ہے ۔ بنکاک میں بھی فلک بوس عمارتیں لرز اُٹھیں۔ لگژری ہوٹلز کی چھت پر بنے سوئمنگ پول کا پانی آبشار کی طرح زمین پر گرنے لگا جس کی ویڈیو خاصی وائرل ہوئی ۔ بنکاک میں زلزلے کے باعث 30 منزلہ عمارت زمین بوس ہوئی جس میں دس افراد ہلاک ہوئے جبکہ سو سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *