خلاف معمول کے پی میں بارش اور برفباری ، ندی نالوں میں طغیانی
پشاور : خیبر پختونخوا میں بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ پہاڑوں پر خلاف معمول برفباری ہوئی ہے ۔ شدید بارشوں کے باعث نالوں میں طغیانی آگئی ، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔لوئردیر میں شہری علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش اور بالائی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے بعد موسم ایک بار پھر سردہو گیا۔ وادی کمراٹ، لواری ٹنل، شاہی بن شاہی، کلپانی، عشیرئی درہ ،جہاز بانڈہ اور دیگر بالائی علاقوں پر برف باری ہوئی ہے جس سے ان علاقوں میں موسم سرد ہو گیا ہے ۔ بارش برسانے والا نیا سسٹم پنجاب میں بھی داخل ہوگیاہے جس کی وجہ سے پنڈی ڈویژن میں بارش شروع ہو گئی ہے۔ گجرانوالہ، راولپنڈی اور سرگودھا کے اضلاع میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی ہے ۔
