وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں زیر تعلیم افغان شہریوں کا ریکارڈ مانگ لیا
اسلام آباد : وفاقی وزرات داخلہ نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں زیر تعلیم افغان طلباء کا ریکارڈمانگ لیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو خط ارسال کر دیاجس میں لکھا گیاہے کہ نیشنل سیکیورٹی سیل غیر ملکیوں کا ڈیش بورڈ اَپ ڈیٹ کر رہا ہے، صوبے میں زیر تعلیم افغان طلباء کی تفصیل 27 مارچ تک بھیجی جائے ۔ حکومت پاکستان نے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا جن کے انخلا میں ایک ہفتہ باقی بچا ہے ۔ غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 8 لاکھ 76 ہزار سے تجاوزکر چکی ہے ۔حکومت پاکستان کی جانب سے 31 مارچ تک ان افغانوں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
