ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی ماریہ کیس کا فیصلہ سنادیا گیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ : غیرت کے نام پر قتل ہونے والی ماریہ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالت نے والد اور بھائی کو سزائے موت سنا دی جبکہ ویڈیو بنانے والا بھائی اور مقتولہ کی بھابھی بری ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں 30 مارچ 2024 کو پیش آنے والے لرزہ خیز قتل کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج عبدالحفیظ بھٹہ نے سنا دیا ۔22 سالہ مقتولہ ماریہ کو غیرت کے نام پر اس کے حقیقی بھائی محمد فیصل نے والد عبدالستار کی موجودگی میں گلا دبا کر قتل کردیا تھا ۔ عدالت نے دونوں کو سزائے موت اور فی کس 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ مقتولہ کے دوسرے بھائی محمد شہباز جس نے قتل کی ویڈیو بنائی تھی اور بھابھی سمیرا بی بی کو عدالت نے بری کر دیا ۔ اس قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کیس مشہور ہوا تھا جس پر مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
