شدید گرمی میں پاکستانی کرکٹر بیٹنگ کرتے ہوئے انتقال کر گیا
میلبرن : شدید گرمی نے دوران میچ کھلاڑی کی جان لے لی ۔ یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر ایڈلیڈ میں پیش آیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ایڈلیڈ میں کلب کرکٹر جنید ظفر خان 41.7 ڈگری کی شدید ترین گرمی میں بیٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک پچ پر ہی گر گئے۔ انہیں فوری طبی امداد کی گئی اور اس کے بعد ہسپتال لے جایا گیا مگر ڈاکٹر ان کی جان نہ بچا پائے ۔ ظفر خان پاکستانی نژاد شہری تھے اور اولڈ کانکورڈینز کرکٹ کلب کی جانب سے کھیل رہے تھے ۔ انہوں نے پہلے چالیس اوور تک فیلڈنگ کی جس کےبعد بیٹنگ کے لئے آئے اور سات اوور ہی کھیل پائے تھے کہ وکٹ پر گر گئے۔ کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنید ظفر خان کی اچانک وفات پر سب صدمے میں ہیں ۔ایڈیلیڈ ٹرف کرکٹ ایسوسی ایشن کے قوانین کے مطابق اگر درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے تو میچ منسوخ کر دیا جاتا ہے، تاہم 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک کھیل جاری رکھنے کی اجازت ہوتی ہے، بشرطیکہ کھلاڑیوں کو اضافی وقفے اور پانی پینے کی سہولت فراہم کی جائے۔ ۔
جنید ظفر خان رمضان کے روزے رکھ رہے تھے، تاہم ان کے ایک قریبی دوست کے مطابق وہ دن بھر پانی پیتے رہے تھے۔
