برطانیہ میں ماں اور دو بیٹیوں کو قتل کرنے والے مجرم کو سزا سنا دی گئی
لندن: برطانیہ کی عدالت نے بی بی سی کمنٹیٹر جان ہنٹ کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو قتل کرنے والے سابق فوجی کائل کلفورڈ کو عمر قید کی سزا سنادی۔26 سالہ کائل کلفورڈ نے اپنی سابق گرل فرینڈ لوئس ہنٹ کوریپ کے بعد قتل کیا ۔ اس کی ماں کیرول ہنٹ اور بہن حانا کو چاقو کے وار سے قتل کیا ۔ کیمبرج کراؤن کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیئے کہ مجرم حسد میں مبتلا تھا اور ان تینوں خواتین سے نفرت کرتا تھا۔ سفاک قاتل نے کئی دن تک منصوبہ بندی کی اور جولائی 2024 میں لندن کے شمال مغربی علاقے میں موجود جان ہنٹ کے گھر پردھاوا بولا۔ پہلے اس نے 61 سالہ کیرول ہنٹ کوچاقو کے وار سے قتل کیا اور گھرکے اندر ہی موجود رہا۔ ایک گھنٹے بعد 25 سالہ لوئس ہنٹ گھر پہنچی تو اسے رسیوں سے باندھ کر ریپ کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کر دیا۔ واردات کے بعد مجرم نے 28 سالہ حانا ہنٹ کا انتظار کیا جو اپنی نوکری پر موجود تھی ۔ اسے بھی اس نے واپسی پر چاقو کے وار کر کے مار ڈالا۔
