جعفر ایکسپریس میں خود کش بمباروں نے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے ، سکیورٹی ذرائع
کوئٹہ:کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے اور پانچ سو مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد آپریشن کلین اپ جاری ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے ستائیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کروا لیا ہے۔ سکیورٹی زرائع کے مطابق یرغمالیوں کے پاس خودکش بمبار موجود ہیں جنہوں نے مسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر رکھا ہواہے ۔ عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا بعدازاں فائرنگ کی آوازیں کافی دیر تک آتی رہیں۔ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس بند کر دی گئی ہے ۔
ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے کوئی بھی ٹرین تاحکم ثانی نہیں چلے گی ۔ ریلوے حکام کے مطابق بازیاب مسافروں میں 17 زخمی بھی شامل تھے جو اب ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ 80 مسافروں میں سے 12 مسافر آب گم اور 11 مسافر مچھ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس پہنچ گئے ہیں ۔ 57 مسافروں کو مچھ سے کوئٹہ بذریعہ وین پہنچایا گیا ہے ۔
