چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کی اختتامی تقریب میں محسن نقوی غائب ، سوالات کی بھرمار
دبئی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں میزبان ملک پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی موجود نہیں تھے جس سے سوالات کی بھرمار ہوگئی ہے ۔ ٹرافی دینے کی تقریب میں بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نہیں تھےجبکہ میزبان ملک ہونے کی وجہ سے آفیشل ہمیشہ تقریب کا حصہ ہوتا ہے ۔ پی سی بی کے سی ای او اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سید سمیر فائنل میں موجود تھے تاہم اس کے باوجود آئی سی سی نے سید سمیر کو فائنل تقریب میں مدعو نہیں کیا ۔ دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق محسن نقوی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تاہم سوشل میڈیا پر تبصروں کے مطابق بھارتی دباؤ پر ہی یہ سب ہواہے ۔ بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی اور تیسری بار میگا ایونٹ جیتا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ کیویز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے، بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
