عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ، شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد:پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص نے کہا کہ قانون تو ملاقات کی اجازت دیتا ہے مگر انہیں قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے ۔ عمران خان سے کسی کو ملنے نہیں دیا جارہا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق 6 افراد کو ملنے کی اجازت ہے ۔ ہم نے توہین عدالت کی درخواست دی ہے۔ سیاسی رفقا کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی ملنے نہیں دیا جارہا ۔ یہاں تک کے وزیراعلیٰ کے پی ملنے گئے تو انہیں بھی روک دیا گیا۔ عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑائے جار ہے ہیں۔عمران خان کی کتابیں تک روکی جارہی ہیں۔ جیل حکام اخبارات بھی عمران خان کو نہیں دےرہے ۔ عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات بھی دو بار ملتوی کی گئی۔شیخ وقاص نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی بچوں سے ملاقات نہیں کرائی جارہی۔
