اکوڑہ خٹک میں خود کش حملہ، مولانا حامد الحق سمیت 4 شہید
نوشہرہ : مدرسہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکاہوا ہے جس میں مولانا حامد الحق سمیت چار افراد شہید ہو گئے ہیں ۔آئی جی خیبر پختونخوا کے مطابق خودکش دھماکے میں 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ مولانا حامد الحق کو بمبار نے ٹارگٹ کیا۔ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں ، جائے وقوع سے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ایک سینئر پولیس آفیسرکے مطابق مسجد کے ساتھ ملحقہ ایریا میں مولانا حامد الحق موجود تھے ۔ اکوڑہ خٹک مدرسے میں پولیس کے 23 اہل کار ڈیوٹی پر تعینات تھے جبکہ مولانا حامد الحق کی سکیورٹی کے لئے چھ اہلکار مامور تھے ۔ اکوڑہ خٹک مدرسے کے انٹری گیٹس پر مدرسہ انتظامیہ کی اپنی سکیورٹی بھی موجود تھی ۔ بھاری سکیورٹی کے باوجود بمبار کے اندر داخل ہونے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
