خاص خبریںکھیل

بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو ہرا دیا، کوہلی کی سنچری

دبئی : آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے اہم معرکے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا دیا۔  ویرات کوہلی کی شاندار اور ذمہ دارانہ سنچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی ۔ دبئی میں پاکستان نے 49.4 اوورز میں 241 رنز بناکر بھارت کو 242 رنز کا آسان ہدف دیا۔ کرکٹ مبصرین  نے اس موقع پر پہلے ہی پاکستان کی باڈی لینگوئج کو دیکھتے ہوئے شکست کی پیشگوئی کر دی تھی ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپنر امام الحق اور بابراعظم نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم بابر اعظم 23 رنز بناکر چلتے بنے ۔ محض چھ رنز ہی سکور کارڈ پر بڑھ پائے کہ امام الحق بھی دس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ تیسری وکٹ پر محمد رضوان اور سعود شکیل نے 103 رنز کی شراکت قائم کی اور سست رفتاری سے سکور بورڈ کو حرکت دینے کی کوشش کی مگر محمد رضوان 46 اور سعود شکیل 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد طیب طاہر صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹے تو بڑے ہدف کا خواب محض خواب ہی رہا۔

سلمان علی آغا 19 ، شاہین آفریدی صفر اور نسیم شاہ 14 رنز بناکر پویلین جا بیٹھے ۔  حارث روف 8 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ 38 رنز بنائے اور سکور کو کچھ بہترکرنے کی کوشش کی ۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل اور ہرشیت رانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز روہت شرما اور شبھمن گل نے کیا ۔ دونوں نے جارحانہ عزائم دکھانے کی کوشش کی مگر شاہین شاہ آفریدی کی یارکر پر کپتان روہت شرما آؤٹ ہو گئے ۔ 31پر ایک کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد شبھمن گل اور کوہلی  نے بہتر اوسط کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا ۔ شبھمن گل 45 پر آؤٹ ہوئے مگر ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ بیٹنگ میں ان کے مدمقابل کوئی نہیں ۔

ویرات کوہلی نے وکٹ کے چاروں اطراف بہترین سٹروکس کھیل کر اپنی سنچری مکمل کی اور ناٹ آؤٹ رہے ۔ شریاس نے 56 رنز بنائے ۔ اس طرح بھارت نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 242 رنز کا ہدف 45 گیندوں پہلے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔شاہین آفریدی نے دو جبکہ ابرار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *