ن لیگ کا ڈیرہ غازی خان میں پاور شو ، شہبازشریف کی عمران خان پر تنقید
ڈیرہ غازی خان : وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان جلسے میں خطاب کے دوران عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاست دان کہتا تھا کہ شہباز شریف باہر پیسے مانگنے جاتا ہے میں پوچھتا ہوں کہ آپ کیا باہر پیسے بانٹنے جاتے تھے؟ اس جملے پر جلسے کے شرکا نے نعرے لگائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک سیاست دان مجھ پر الزام عائد کرتا رہا پاکستان کی ترقی سب کے سامنے ہے، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی نواز شریف نے ریاست کی خاطر اپنی سیاست کو داؤ پر لگادیا، آج مہنگائی 40 فیصد سے 2.4 فیصد کی سطح پر آچکی ہے ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان آکر خوشی ہوئی ۔ ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی پاکستان کی معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔
نواز شریف کا ویژن صرف پاکستان کی ترقی ہے، پنجاب کی ترقی نواز شریف کے دور میں ہوئی اور اب ان کی بیٹی مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔میں نے بھی صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ کے بجائے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار دینے کے لیے منصوبوں کے جال بچھائےجس سے عوام آج بھی مستفید ہو رہے ہیں ۔ میرے لیے تمام صوبے برابر ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی، جی بی کی ترقی میرا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی دوروں پر ہمیشہ پاکستان کا مفاد مقدم رکھا ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
