برطانیہ میں آرمی چیف کو ملنے والی عزت تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہوئی ، عطا تارڑ
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں چیف آف آرمی اسٹاف کو ملنی والی عزت اور وقار تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہوا، احتجاج اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی ۔ آرمی چیف برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال ہوا۔ اس ویلکم سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں با کمال ہیں ۔ تحریک انصاف کے مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے احتجاج بھی کیا، تاہم محب وطن پاکستانیوں نے اس ٹولے کو مسترد کر دیا ہے ۔ جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقا اور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کے لئے قانون موجود ہے اور اس پر بھرپور عمل ہوگا۔
