اب لانگ مارچوں ، دھرنوں اور پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائےگی ، نواز شریف
لاہور:ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے، اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سینیٹرعرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ملکی حالات سب کے سامنے ہیں ۔ سب کچھ بہتر ہو رہا ہے مگر ایک گروہ سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام وتفہیم کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ 2013سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ بیرونی مدد کی۔ پاکستان کےعوام اب کسی کو تعمیروترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش بھی ناکام رہے گی۔ اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے والوں کے عزائم بے نقاب کرنا ہوں گے۔
