ترکیہ کے صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈآف آنرپیش
اسلام آباد:ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان گزشتہ شب 2 روزہ دورے پر نور خان ایئر بیس پہنچے جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ وزیر خزانہ اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے ۔ ترکیہ کے صدر کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شاہراہ دستور پر سرخ اور سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جب کہ ترک صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے معزز مہمان سے وزرا کا تعارف کروایا۔دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر یہ بھی اتفاق ہواکہ پاکستان اور ترکیہ کی باہمی تجارت کا حجم بڑھایاجائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں دوستانہ تعلقات بڑھانےکے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
