بھارتی وزیراعظم کے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی
نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیرون ملک روانگی سے قبل طیارے کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی پر سیکیورٹی پر مامور افسران پریشان ہو گئے ، مزید نفری بلوالی گئی اور سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی دہشت گرد مودی کے طیارے کو دھماکے میں اڑانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ کال کرنے والے شخص نے مزید کہا کہ یہ وہی دہشت گرد گروپ ہے جس نے چھ ماہ قبل امریکا میں طیارے کو نشانہ بنایا تھاجس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ دھمکی دینے والے شخص نے کہا کہ اسی گروپ نے طیارے میں بم رکھ دیا ہے اور اب مودی کا بچنا مشکل ہے ۔ اس دھمکی آمیز کال کے بعد پولیس نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا تاہم طیارے کی تلاشی میں کچھ بھی برآمد نہ ہوا جس پر طیارے کو پرواز کے لئے کلیئر کر دیا گیا۔
