وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ آئیں پارلیمانی کمیٹی بنائیں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو مذاکرات ہورہے تھے اس کے لئے ہم نے کمیٹی بنائی۔ اسپیکر صاحب کے توسط کے مذاکرات شروع ہوئے۔ کمیٹی کے کہنے پر پی ٹی آئی نے مطالبات لکھ کر دیے، جس کا جواب حکومتی کمیٹی نے تحریری طور پر دینا تھا، تاہم 28 تاریخ کو میٹنگ طے تھی، جس سے انکار کرکے وہ بھاگ گئے۔
پی ٹی آئی کا یہ طریقہ درست نہیں ہے کہ تحریری طور پر ملنے والے مطالبات کا تحریری طور پر ہی جواب دیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے بعد جب ہم احتجاجاً پارلیمنٹ میں کالی پٹیاں باندھ کر داخل ہوئے تو پی ٹی آئی کے عمران نیازی صاحب نے آگے بڑھ کر مجھے کہا کہ ہم ہاؤس کمیٹی بنا رہے ہیں اور وہ اس کی تحقیق کرے گی۔ آپ بھی اپنے ارکان اس میں نامزد کردیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ میں نے عمران نیازی کو جواب دیا کہ آپ اعلان کردیں، جس پر انہوں نے اعلان کردیا اور بعد میں کمیٹی بنی اور اس کا ایک آدھ اجلاس بھی ہوا۔ 2018ء کے الیکشن کے لیے جو کمیٹی بنی تھی وہ بھی اپنا کام کرے اور فروری 2024ء کے الیکشن کے لیے بھی کمیٹی بنے جو حقائق سامنے لائیں۔
