پاکستانی میڈیا کی کڑی مانیٹرنگ ، صدر نے بھی پیکا ایکٹ پر دستخط کردیئے
اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (ترمیمی) بل 2025 کی توثیق کر دی جس کے بعد یہ باقاعدہ طور پر قانون کا حصہ بن گیا۔ صدر مملکت نے پیکا ایکٹ بل کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025ء پر بھی دستخط کردیے ہیں ۔ اس طرح نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ( ترمیمی) بل 2025ء کی بھی توثیق کردی گئی ۔ اس سے قبل پارلیمانی رپورٹرز نے پیکا ایکٹ کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر مملکت تک اپنی آواز پہنچائی تھی اور کہا تھا کہ بل پر نظر ثانی کی جائے ۔ حکومت نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل پہلے قومی اسمبلی اور پھر گزشتہ روز سینیٹ سے بھی منظور کروالیا تھا جس کے بعد بل کو صدر مملکت کے دستخط کے لئے ایوان صدر بھیجا گیا تھا۔
اتھارٹی کو آن لائن مواد ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا۔ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (ترمیمی) ایکٹ 2025ء مسودے کی کاپی میں ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ڈی آر پی اے کو آن لائن مواد ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا، اتھارٹی کو ممنوعہ یا فحش مواد تک رسائی حاصل کرنے کا اختیار ہوگا، اتھارٹی کو ممنوعہ مواد شیئر کرنے پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا بھی اختیار ہوگا۔
