عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 19ملین پاؤنڈز کا فیصلہ پھر موخر
راولپنڈی:19ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ ایک مرتبہ پھر موخر کر دیا گیا۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پیش نہیں ہوئے۔کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جب کہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل آئے ۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت آئیں تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا جو اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔ جج نے دورانِ سماعت ریمارکس دیے کہ عمران خان کو 2مرتبہ پیغام بھجوایا لیکن وہ عدالت نہیں آئے۔ بشریٰ بی بی بھی عدالت نہیں آئیں۔ اب فیصلہ پھر موخر کیا جارہا ہے جو اب 17جنوری کو سنایا جائے گا۔
