انسانی تاریخ کی ہولناک آگ ، لاس اینجلس اجڑ گیا، 165ارب ڈالر کا نقصان
لاس اینجلس: انسانی تاریخ کی بدترین آگ نے پورے امریکا کو پریشان کر دیا ہے ۔ لاس اینجلس تقریبا اجڑ چکا ہے ۔ تین روز میں 165ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا جبکہ آگ کا پھیلاؤ روکنے کے لئے کوششیں محدود ثابت ہو رہی ہیں ۔ آتشزدگی سے اب تک دس ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں ۔ ایک لاکھ 80ہزار افراد کو دو روز میں گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے ۔

ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگل میں لگنے والی آگ کی وجوہات تاحال کسی کومعلوم نہیں ہو سکیں ۔جنگل سے پھیلنے والی ہولناک آگ پر قابو پانے کے لئے نیشنل گارڈز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔ صرف پیسیفک پیلیسیڈس میں آگ نے تقریباً 20 ہزار ایکڑ جنگلات کو برباد کر دیا ہے ۔

الٹاڈینا کے آس پاس ایک اور آگ نے 13 ہزار 700 ایکڑ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق آگ دو مختلف جنگلات سے بھڑکی ہے جس نے قریبی علاقوں کو جلا کر راکھ کر دیا ہے ۔

کلاباساس اورہلز انکلیو جیسی دنیاکی مہنگی ترین جائیدادیں بھی آگ میں برباد ہو چکی ہیں ۔ یہ علاقہ پرتعیش فارم ہاؤسز کے لئے مشہور ہے ۔
