خضدار کی تحصیل زہری کے بازار پر دہشت گردوں کا حملہ، بینک لوٹ لیا
خضدار :ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے مرکزی بازار پرمسلح افراد نے دھاوا بول کر لیویز فورس سٹیشن ، نادرا اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر پر حملے کئے ،سرکاری عمارتوں کو آگ لگانے کے بعد بینک لوٹ لیا۔ انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد مسجد میں اعلان کرتے رہے کہ انہوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔ دہشت گردوں نے رات گیارہ بجے کے قریب قریبی پہاڑوں سے حملہ کرتے ہوئے علاقے پر دھاوا بولا۔ انہوں نے زہری کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دیگر مقامات پر مسلح افراد کو تعینات کیا۔ پوزیشنیں سنبھالیں ، اردگرد چیک پوائنٹس بنائیں تاکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کی صورت میں بھرپور مقابلہ کیا جاسکے ۔
انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ دہشت گردوں نے سب سے پہلے لیویز تھانے پر حملہ کیا، اہلکاروں کو یرغمال بنایا، ریکارڈ کو جلا دیا جبکہ عمارت کے کچھ حصے کو بھی نذر آتش کیا ۔کوئٹہ میں بینک حکام کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں نجی بینک کی برانچ پر حملہ کیا، عملے کو یرغمال بنایا اور تقریبا نو کروڑ روپے لوٹ لئے ۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔سکیورٹی فورسز کے آنے پر دہشت گرد بیس اے کے 47رائفلیں ، چار ہزار گولیوں کے راؤنڈز چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے ۔ آپریشن میں مدد کے لئے فوجی ہیلی کاپٹر بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔ قلات کے کمشنر نعیم خان بازئی نے انگریزی اخبار کے نمائندے کو بتایا کہ مسلح عسکریت پسند زہری میں 5 گاڑیوں اور 20 سے زائد موٹر سائیکلوں پر داخل ہوئے تھے، جو جدید ترین خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے، وہ کم از کم 8 گھنٹے تک علاقے میں رہے۔
