عمران خان نے بتایا کہ انہیں ڈیل کی پیشکش ہوئی ہے، وکیل فیصل چوہدری کا دعویٰ
راولپنڈی :توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے بتایا کہ انہیں ڈیل کی پیشکش ہوئی تھی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا توشہ خانہ ٹو جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے جس میں حق کی فتح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف پہلے چار فیصلوں جیسا فیصلہ ہی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا بھی ہوگا۔فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا وقت آچکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن جب تک بغیر ٹرائل لوگ رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے۔فیصل چودھری نے مزید کہا کہ عمران خان حکومت کے ساتھ مذاکرات میں 9 مئی اور 26 نومبر کے معاملات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، مذاکراتی کمیٹی میں اسیران کی رہائی کا بھی مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔
