مبینہ جن نکالنے کا کہہ کر ساری رات تشدد، عامل نے 22سالہ لڑکا مار ڈالا
ڈسکہ (چوہدری نعیم اختر وریاہ) ڈسکہ میں انوکھا واقعہ پیش آٰیا ہے ۔ بائیس سالہ نوجوان قتل ہو گیا جبکہ اہل خانہ نے اسے جنات کی کارروائی قرار دے دیا۔ 89نیوز کے مطابق نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ تھانہ بمبانوالہ کے علاقہ پھانگٹ گاؤں میں پیش آیا جہاں بائیس سالہ اسامہ پراسرار طور پر موت کے منہ میں چلا گیا۔ اس حوالے سے ورثا کا دلچسپ بیان سامنے آیاجس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسامہ کو جنات نے تشدد کر کے مارا ہے ۔

تھانہ بمبانوالا پولیس اس ہولناک واقعہ پر تفشیں کے لیے سر جوڑ کر بیٹھ گئی اور مقتول کے والد اور بھائی کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہوا کہ اسامہ پر آسیب کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا اس دوران عامل کو بلایا گیا جو مبینہ جن حاضر کرنے کےلئے اسامہ پر ساری رات تشدد کرتا رہا۔ پیر خالد جاوید اسامہ کو ڈنڈوں سے مارتا رہا اس دوران اسامہ کی موت ہوگئی ۔ پیر خالدجاوید نے چالاکی سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے اس واقعے کو جنات کی کارروائی قرار دے دیا۔ پولیس نے مقدمہ والد ارشد ، بھائی وقاص اور پیر خالد جاوید کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ڈی ایس پی عابد رشید کا کہنا ہے مقتول اسامہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے ، رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی ۔
