ملک درست سمت میں نہیں جارہا ، اسی لئے حکومت کا حصہ نہیں ہوں، سعد رفیق
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول جمہوریت کے ذریعے آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک درست سمت میں نہیں جارہا میں اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں جہاں خرابی ہوگی وہاں چپ نہیں رہ سکتا۔ خواجہ محمد رفیق شہید کے 52 ویں یوم شہادت پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ ملک آگے نہیں بڑھ رہا ، ملک کی سمت درست نہیں ۔ جمہوریت نام کی رہ گئی ہے ۔ آپس کی لڑائی سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے ۔ عوام اس لڑائی سے تنگ آگئےہیں ۔ ضرورت ہے کہ مل کر آگے بڑھیں اور ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جتھے بناکر لوگ نکلتے ہیں اور حکومت گھٹنے ٹیک دیتی ہے۔ یہ سب کیا ہے ؟ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتےہیں وہاں ایسا آدمی کیوں بٹھایا گیا جس کا کشمیر کی سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں؟ہم نے کہا تھا یہ کام نہ ہو لیکن کوئی مشورہ سننے کو تیار ہی نہیں ۔ ہم کب تک ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سیاست کریں گے ؟ میرے ساتھیوں کو معلوم ہے کہ میں حکومت کا اسی وجہ سے حصہ نہیں ہوں ۔
