یونان میں کشتی حادثہ ، پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق
اسلام آباد:یونان کشتی حادثےمیں ڈوبنے والے درجنوں پاکستانی تاحال لاپتا ہیں، جس کی تصدیق پاکستانی سفیر نے کردی ہے۔ابتدائی طور پر چار لاشیں مل گئی ہیں ۔ پاکستان کے یونان میں سفیرعامرآفتاب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارت خانہ اپنے اخراجات پر پاکستان روانہ کرے گا۔ چارافراد کی شناخت ہوئی ہے بدقسمتی سے باقی افراد کی زندگی کے امکانات معدوم ہیں ۔ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔ عامر آفتاب کے مطابق لیبیا سے غیرقانونی طریقے سے 5 کشتیوں پر پاکستانی سوار تھے۔ کشتیوں کو حادثہ ضرورت سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ جس کشتی میں پاکستانی سوار تھے اس کشتی کے اندر پہلے شگاف پڑا، جس سے کشتی ڈوب گئی۔ اس پر 80 پاکستانی سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ لاپتا پاکستانیوں میں بڑی تعداد کم عمر بچوں کی ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ یونان میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے حادثے میں چارپاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔ زندہ بچ جانے والے گجرات کے 2 بھائیوں نے اپنی درد بھری کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ کارگو بحری جہاز سے ہماری کشتی کی ٹکر ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔
