عمران خان کی سول نافرمانی کی تحریک نا قابل عمل ہے ، سینئر پارٹی رہنما
اسلام آباد : عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تازہ کال پر پارٹی کے سینئر ارکان نے تعجب کا اظہار کیا ہے ۔ ایک انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ زیادہ تر پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کی سول نافرمانی تحریک کو مسترد کرکے اسے ناقابل عمل قرار دیا ہے ۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق یہ مناسب وقت ہے ہی نہیں، ایسے حالات میں سول نافرمانی کی تحریک کامیاب نہیں ہوگی ۔ عمران خان کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا جائےگا ۔ اخبارکےمطابق اعلیٰ ترین پارٹی قیادت بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈاپور اور اسد قیصرکے مطابق انہیں سول نافرمانی کی کال کے حوالے سے ایکس پر عمران خان کی پوسٹ سے پتہ چلا۔ یہ تو قابل عمل نہیں ہے نہ تو بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں اپنے اہل خانہ کو رقم بھجوانا بند کریں گے اور نہ ہی وہ بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی بند کریں گے۔ اخبارنے مزید لکھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما بھی ایسا نہیں کرپائیں گے کیونکہ بطور رکن پارلیمنٹ سول نافرمانی میں حصہ لینے سے وہ نااہل ہو جائیں گے۔
